بنگلور ،09؍مئی (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) کرناٹک کے راجہ راجیشوری اسمبلی حلقہ میں ایک فلیٹ سے ہزاروں کی تعداد میں فرضی ووٹر شناختی کارڈ ملنے کے بعد بی جے پی نے آج یہاں انتخابات منسوخ کیے جانے کا مطالبہ کیا۔مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے الزام لگایا کہ کانگریس امیدوار اور موجودہ ممبر اسمبلی منیرتن نائیڈو اس مبینہ گروہ کے پیچھے ہیں، جس کا پردہفاش بی جے پی کارکن راکیش نے کیا ہے۔جاوڈیکر نے کہا کہ پولیس نے کل ہولوگرام کے ساتھ ہزاروں کی تعداد میں فرضی ووٹر شناختی کارڈ، لیمنیشن مشین اور کمپیوٹر ضبط کیا۔ انہوں نے یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ یہ کانگریس کا فلسفہ ہے۔اگر ووٹر آپ کے لیے ووٹ نہیں دیتے ہیں تو فرضی ووٹر مرضی کے مطابق بنائیں۔جاوڈیکر نے سائبر سیکورٹی ایجنسی سے اس معاملے کی وسیع تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔اس واقعہ کو جمہوریت کی تباہی قرار دیتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس ریاست کے باہر کے ووٹروں کو یہاں کا رہائشی دکھانے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے اس معاملے میں مبینہ ملوث ہونے کے لئے فلیٹ کے مالک منجولا کو فوری طور گرفتار کئے جانے کی مانگ کی۔سینئر کانگریسی لیڈر آنند شرما نے حالانکہ اس واقعہ کو دکھاوا قرار دیا۔انہوں نے دعوی کیا کہ منجولا بی جے پی کے ساتھ وابستہ ہیں اور ان کے بیٹے راکیش نے بی جے پی کے ٹکٹ پر میونسپل کارپوریشن کا انتخاب لڑا تھا۔شرما نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو یقینی طور پر کارروائی کرنی چاہئے اور پولیس میں معاملہ درج ہونا چاہئے۔بی جے پی یہ سب ہتھکنڈے اپنا رہی ہے کیونکہ ہار اسے سامنے نظر آرہی ہے۔